ٹیسٹ کرکٹر آل راؤنڈر عامر جمال انجری کا شکار ہوکر کاؤنٹی سیزن سے باہر ہوگئے ہیں۔
واروکشائر کاؤنٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ عامر جمال کی کمر میں تکلیف کی تشخیص ہوئی ہے۔ عامر کاؤنٹی کرکٹ کے باقی میچز کےلیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
عامر جمال نے اپریل میں واروکشائر کاؤنٹی کی ٹیم کو جوائن کیا تھا۔
واروکشائر کا کہنا ہے کہ کمر کی تکلیف کے باعث عامر جمال کے پاس کھیلنے کے بہت کم مواقع دستیاب تھے۔ عامر جمال صرف دو کاؤنٹی اور ایک وٹالٹی بلاسٹ کا میچ کھیل سکے ہیں۔
واروکشائر کاؤنٹی نے یہ بھی کہا کہ عامر جمال نے میڈیکل اور اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ ٹیم کے ساتھ بھرپور محنت کی۔ بدقسمتی سے عامر جمال اپنے بھرپور ردھم کے ساتھ باؤلنگ نہیں کر سکے۔
انگلش کاؤنٹی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا کہ عامر جمال کا 19 جولائی تک واروکشائر کے ساتھ معاہدہ تھا۔ ری ہیب پلان کے مطابق عامر جمال معاہدے تک فٹ نہیں ہو سکتے۔
اس سلسلے میں عامر جمال کا کہنا تھا کہ یہ انجری مجھے پہلی مرتبہ ہوئی ہے، اسے قبول کرنا میرے لیے بڑا چیلنج ہے۔ اب میرا تمام تر فوکس مکمل فٹنس حاصل کرنے پر ہے۔