پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کا کہنا ہے کہ محمد عامر اور شرجیل خان کی طرح انھیں بھی کرکٹ میں واپسی کا موقع دیا جائے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتا ن نے کہا کہ عامر، شرجیل اور سلمان بٹ کو پی ایس ایل میں بھی شامل کیا گیا لیکن مجھے ہر جگہ نظراندازکیا جا رہا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ 2008 میں عدالت نے باقاعدہ مجھے کلین چٹ دے دی تھی، عدالت سے کلین چٹ لینے کے باوجود مجھے موقع نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی کہ مجھے ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیں، کسی بھی سطح پر کوچنگ کر کے پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
خیال رہے کہ 1981 سے 1999 تک پاکستان کے لیے 100 سے زیادہ ٹیسٹ میچز اور 283 ایک روزہ میچ کھیلنے والے سلیم ملک مڈل آرڈز بلے باز اور پارٹ ٹائم لیگ بریک بولر تھے لیکن بدقسمتی سے ان کا شمار اسپاٹ فکسنگ میں سزا پانے والے ابتدائی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
سلیم ملک نے 12 ٹیسٹ میچوں اور 34 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کے لیے کپتانی کے فرائض بھی انجام دیئے۔
اسپاٹ فکسنگ اور رشوت کے الزام میں جسٹس قیوم انکوائری رپورٹ کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیم ملک پر 2000 میں تاحیات پابندی عائد کر دی، بعدازاں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے 2008 میں سلیم ملک پر لگائے گئے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے ان پر عائد پابندی کو کالعدم قرار دے دیا۔