بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کے میٹ گالا لُک کے چرچے ختم نہیں ہو کے دے رہے۔
اس حوالے سے کئی دلکش اور خوبصورت تصاویر اور تفصیلات اب بھی سامنے آرہی ہیں۔
بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے میٹ گالا 2024 میں معروف ڈیزائنر سبیاساچی کی تیار کردہ 9 گز کی ساڑھی میں شرکت کی تھی، جس پر ہاتھوں سے خوبصورت پھولوں کی کڑھائی کی گئی تھی۔
اداکارہ کے لباس اور میک اپ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اب بھی وائرل ہیں اور اب انہی تصاویر میں سے مداحوں نے ایک اور نئی چیز تلاش کرلی ہے۔
عالیہ بھٹ کی تصاویر کو قریب سے زوم کر کے پتا چلا ہے انہوں نے میٹ گالا میں کان کے پیچھے کالا ٹیکا لگایا ہوا تھا۔
پہلے دن تو اداکارہ کے لُک پر جمی نظروں کے باعث یہ کالا ٹیکا مداحوں کی نظروں سے اوجھل تھا تاہم اب میٹ گالا کی تصاویر کو زوم کر کے مداحوں نے اسے ڈھونڈ لیا۔
خیال رہے کہ میٹ گالا کا انعقاد ہر سال مئی کے پہلے پیر کو امریکا کے شہر نیویارک میں کیا جاتا ہے۔
نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے معروف فلمی ستارے اور ماڈلز شرکت کرتے ہیں۔