بالی وڈ فلم ساز و ہدایت کار مہیش بھٹ نے اپنی صاحبزادی اداکارہ عالیہ بھٹ کو ’غنڈی‘ قرار دے دیا۔
اداکارہ کی نئی فلم ’گُلی بوائے‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے، جس میں وہ رنویر سنگھ کے ساتھ پہلی مرتبہ مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔
فلم میں عالیہ ایک مسلمان لڑکی سکینہ کا کردار ادا کر رہی ہیں جس میں انہیں انتہائی جذباتی، منہ پھٹ اور اپنے بوائے فرینڈ کے لیے حساس دیکھا جا سکے گا۔
ٹریلر میں عالیہ بھٹ کا رنویر سنگھ کے ساتھ ایک مکالمہ بھی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا ہے، جس میں دیکھا گیا ہے کہ وہ بوتل مار کر کسی کا سر پھاڑ دیتی ہیں اور جب رنویر سنگھ ان سے پوچھتے ہیں کہ ایسا کیوں کیا؟ تو وہ جواب دیتی ہیں ’میرے بوائے فرینڈ کے ساتھ گلو گلو کرے گی تو دھوپتونگی ناں اس کو‘، جس پر رنویر انہیں ‘بہت بڑی غنڈی‘ قرار دیتے ہیں۔
اور اب عالیہ کے والد مہیش بھٹ نے بھی ان کی تصویر کے ساتھ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی اور لکھا، ’عالیہ ایک غنڈی ہے‘۔
دوسری جانب ٹریلر میں شامل عالیہ بھٹ کے تمام مکالمے بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں جس پر متعدد مزاحیہ میمز بھی بنائی جا رہی ہیں۔
کشپ نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ جب دوست کہے ’آج سے امتحان تک سوشل میڈیا بند‘ !
ایسے ہی ٹریلر میں ایک مقام پر عالیہ بھٹ کے چہرے کے تاثرات کو ایک ایموجی سے بھی تشبیہ دی گئی۔
فلم ’گُلی بوائے‘ اسٹریٹ ریپرز ویویان فرنینڈز عرف ڈیوائن اور نوید شیخ عرف نیزی پر بنائی گئی ہے، جن کا ایک گانا ’مِری گلی میں‘ انتہائی مقبول ہے۔
اس فلم میں اسٹریٹ ریپرز کی زندگی کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ ساتھ یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ شہرت کے حصول کے لیے وہ کیا کیا کرتے ہیں۔
یہ فلم 14 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔