کراچی:
پاکستان ہاکی کے لیے ایک اوربری خبرآگئی،ایف آئی ایچ کی جانب سے 2019 کے ایوارڈزکے لیے مختلف نامزدگیوں میں ایک بھی پاکستانی شامل نہیں ہوسکا۔
عالمی فیڈریشن کی جانب سے ان نامزدگیوں پر ووٹنگ کا آغازہوگیا، ان میں سال کا بہترین مردکھلاڑی، بہترین خاتون کھلاڑی، بہترین مرد گول کیپر، بہترین خاتون گول کیپر، ابھرتا ہوا مرد اور ابُھرتی ہوئی خاتون کھلاڑی شامل ہے، بہترین مرد اور خاتون کوچ کا تعین ہاکی کی ایف آئی ایچ خودکرے گی۔
دوسری جانب تین بھارتی کھلاڑی ایف آئی ایچ سے نامزدگی پانے میں کامیاب ہوگئے، ان میں پلیئرآف دی ایئرکے لیے منپریت سنگھ، رائزنگ اسٹار(مینز) کے لیے ویوک پرساد اور رائزنگ اسٹار(ویمنز) کے لیے لال ریم سیمامی شامل ہیں۔
17 جنوری 2020 تک جاری رہنے والی ووٹنگ کے بعد ایوارڈ کے لیے منتخب ناموں کا اعلان فروری میں کیا جائے گا،ایف آئی ایچ نے ووٹنگ میں قومی ایسوسی ایشنزکے لیے50 فیصد، مداحوں اورکھلاڑیوں کے لیے 25 فیصد جبکہ میڈیا کے لیے بھی اتنا ہی کوٹہ مختص کیا ہے۔