عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کاکا، لوئس، کارلس اور نکولز کی پاکستان آمد


کراچی: عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز ریکارڈو کاکا، لوئس فیگو، کارلس پیول اور نکولز انیلکا پاکستان پہنچ گئے۔

چاروں فٹبالرز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں ان کا استقبال کیا گیا اور سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی۔

پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے چاروں فٹبالرز ورلڈ سوکر اسٹارز کے دورے کے لیے پاکستان پہنچے ہیں جو آج کراچی اور کل لاہور میں ایکشن میں ہوں گے۔

کراچی پہنچنے پر جیو نیوز سے گفتگو میں فرانس کے سابق فٹبالر نکولز انیلکا نے کہا کہ انہیں ایک بار پھر پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے، وہ یہاں قیام کے دوران فینز اور ساتھی فٹبالرز کے ساتھ بھرپور انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔

ورلڈ سوکر اسٹارز پہلے میچ کے لیے آج شام کراچی کے راحت اسٹیڈیم میں کراچی ایف سی کلب سے مقابلہ کریں گے جس میں پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین بھی حصہ لیں گے۔

میچ سے قبل میڈیا سیشن ہوگا اور پھر مقامی مال میں فینز سے ملاقات  ہوگی جب کہ کل کا میچ لاہور میں ٹیم فیگو سے ہوگا۔

اسپین کے کارلس پیول ٹیم فیگو کا حصہ ہوں گے جب کہ نکولز انیلکا ٹیم کاکا میں شامل ہیں۔ پاکستان کے مقامی فٹبالرز بھی اس میچ میں شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ برازیل کے کاکا اور پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو رواں برس جنوری میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں