وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر سائبر سکیورٹی میں پاکستان ٹاپ پر آیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کو خوشخبری سنانے کے لیے پریس کانفرنس کی ہے، پاکستان عالمی سطح پر ٹاپ پر آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سائبر سکیورٹی کے حوالے سے دنیا میں ایک رول ماڈل کے طور پر سامنے آیا ہے، 5 پہلوؤں پر رینکنگ کو دیکھا گیا ہے جس میں کیپسٹی بلڈنگ، اسکلز میں پاکستان کو 20 میں سے 20 اسکور ملا ہے۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)، وزارت خارجہ، کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس سسٹم نے اس میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔
وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے بتایا کہ پورے پاکستان میں نوجوانوں، بچوں اور بچیوں کے لیے سائبر سکیورٹی پر ورکشاپ کرائی گئی ہیں، سائبر سکیورٹی میں روزگار کے مواقع کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو تربیت دی جارہی ہے۔