پاکستان میوزک انڈسٹری سے وابستہ اور دنیا بھر میں اپنی گلوکاری کا لوہا منوانے والے عاطف اسلم کی اذان دیتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی۔
حال ہی میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص کو سُریلی آواز میں اذان دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس ویڈیو میں اذان دینے والا شخص اور کوئی نہیں بلکہ پاکستانی مقبول ترین گلوکار عاطف اسلم ہیں۔
سوشل میڈیا صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کی ایک مسجد میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
جہاں سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو بہت زیادہ پسند کر رہے ہیں اور ان کی مسحور کُن آواز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہیں ساتھی گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی اس ویڈیو کو اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کیا اور کیپشن میں لکھا ’خواب‘۔
![عاطف اسلم کی اذان دیتے ویڈیو وائرل](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-10-10/1276974_5869017_ima_updates.jpg)
دوسری جانب اداکار بلال قریشی نے بھی اس ویڈیو کو انسٹا اسٹوری پر شیئر کیا اور لکھا ہے کہ ’ما شاء اللّٰہ! میں نے ایک بار انہیں یہ کہتے سنا تھا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ وہ خانہ کعبہ میں اذان دیں‘۔
![عاطف اسلم کی اذان دیتے ویڈیو وائرل](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-10-10/1276974_7234032_bilal_updates.jpg)
خیال رہے کہ عاطف اسلم اس سے قبل اپنی آواز میں نعت اور حمد بھی پڑھتے رہے ہیں اور کوک اسٹوڈیو کے لیے ان کی قوالی ’تاجدارِ حرم‘ بے حد مقبول ہوئی۔
گلوکار اپنے یوٹیوب چینل پر اپنی آواز میں اذان ریکارڈ کر کے مداحوں سے شیئر بھی کر چکے ہیں۔
عاطف اسلم ان دنوں اپنے کنسرٹس کے سلسلے میں امریکا کی مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں۔