عارف والا کے محمد فیاض کو جہاز واپس مل گیا


پنجاب کے ضلع پاک پتن کے علاقے عارف والا کے رہائشی محمد فیاض کو اس کا بنایا ہوا جہاز واپس کر دیا گیا۔

محمد فیاض کو31 مارچ کواس کا اپنا بنایا ہواجہاز اڑانے کی کوشش کرنے پر پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کا جہاز بھی قبضے میں لے لیا تھا۔ تاہم اگلے ہی روز عدالت نے محمد فیاض کو تین ہزار روپے جرمانہ کرکے رہا کردیا تھا۔

بینک سے قرض لے کر اور اپنی زمین فروخت کرکے اپنی مدد آپ کے تحت چھوٹا جہاز بنانے والے محمد فیاض نے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ اس کا جہاز اسے واپس کیا جائے۔

محمد فیاض کی جہاز واپس ملنے کے بعد لی گئی تصویر

ڈی پی او پاکپتن ماریہ محمود کی ہدایت پر پولیس نے جہاز واپس کر دیا جس پر محمد فیاض کا کہنا ہے کہ وہ اپنا تیار کردہ جہاز واپس ملنے پر بے حد خوش ہے۔

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن ٹیم جہاز کے جائزے کے ساتھ محمد فیاض سے بھی ملے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کی فضائی حدود بغیر اجازت کے استعمال کرنے پر قانوناً پابندی ہے اور ایسی کسی بھی کوشش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے باقاعدہ اجازت لینا ضروری ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں