یوکرین کے صدر نے ایران کی جانب سے میزائل حملے میں تباہ ہونے والے طیارے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
یوکرین کا بوئنگ 737 طیارہ 8 جنوری کو ایران کے امام خمینی ائیرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی تباہ ہو گیا تھا جس میں عملے کے افراد سمیت 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
امریکا اور کینیڈا نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ مسافر طیارہ حادثے کا شکار نہیں ہوا بلکہ اسے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
اب ایران نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ طیارے کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا جس پر حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے معذرت کرتے ہیں۔
ایران کے صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی ایران نے یوکرین کو بلیک باکس تک رسائی بھی دیدی ہے۔
ایران کی جانب سے طیارے کو میزائل حملے میں نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یوکرین کے صدر نے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثاء کو معاوضہ دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔