اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ گلوکارہ اور موجودہ سماجی کارکن رابی پیر زادہ طویل عرصے بعد عروسی لباس میں منظر عام پر آگئیں۔
گزشتہ دنوں رابی پیرزادہ نے سلور رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کئے، دلہن کے روپ میں، گلاب کے پھولوں کا ہار ہاتھوں میں پکڑے ہوئے مختلف تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔
انہوں نے ان تصاویر کے ساتھ مبہم کیپشن بھی لکھا کہ ’جب ٹوٹا ہوا دل جڑ جاتا ہے تو وہ کسی بھی چیز سے زیادہ مضبوط ہو جاتا ہے‘ جبکہ دوسری تصویر کے ساتھ ’الحمداللہ‘ لکھا۔
سابقہ گلوکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر نے جلد ہی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی، صارفین کو لگا کہ انہوں نے شادی کرلی ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
تاہم اب رابی پیرزادہ نے ان تصاویر کی وضاحت پیش کردی ہے۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ پیغام میں لکھا کہ مذکورہ تصاویر ان کی اپنی شادی کی نہیں ہیں، بلکہ یہ ایک بہادر اکیلی ماں کی بیٹی کی شادی کی ہیں جسے نجی کمپنی نے اسپانسر کیا ہے اور یہ جوڑا بھی اسی کمپنی کی جانب سے دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اسپانسر کیے گئے پیسوں سے کسی ضرورت مند بیٹی کی شادی کے اخراجات برداشت کریں گے۔
خیال رہے کہ رابی پیرزادہ ماضی میں گلوکاری، اداکاری، ماڈلنگ کر چکی ہیں تاہم مختلف تنازعات کے بعد اب وہ دین کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرکے فلاحی کاموں میں مصروف عمل ہیں۔