پاکستان ٹی وی، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے ممتاز اداکار طلعت حسین گزشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ لیجنڈری اداکار کی والدہ نے انہیں فیل کروانے کی کوشش کی تھی۔
خیال رہے کہ ان کی والدہ شائستہ بیگم ریڈیو پاکستان کی مقبول انائونسر کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتی تھیں، جبکہ ان کے والد الطاف حسین وارثی انڈین سول سروس (ڈیفینس) میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔
طلعت حسین کے والد بھارت میں سِول سروس میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔ تقسیم کے وقت انہیں کہا گیا کہ وہ انگلستان یا پاکستان چلے جائیں یا پھر بھارت میں رہیں۔ انہوں نے پاکستان کوترجیح دی۔ ہجرت کے وقت طلعت حسین کی عمر صرف چار برس تھی۔
وہ بمبئی سے پانی کے جہاز کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔ ابتدا میں کچھ عرصے تک کھوکھرا پار کے علاقے میں رہے، بعد میں انہیں مارٹن کوارٹرز الاٹ کر دیا گیا۔
حالات کے پیش نظر طلعت کی والدہ نے ریڈیو پر ملازمت کی۔ ان کی والدہ طلعت کو ریڈیو پر کام کرنے پر رضامند نہیں تھیں۔ وہ چاہتی تھیں کہ وہ ڈپٹی کمشنر یا کلکٹر وغیرہ بنے۔ جب طلعت نے ریڈیو پر آڈیشن دیا، تو والدہ نے انہیں فیل کرانے کی کوشش کی۔
تاہم ریڈیو کے پروڈیوسر نے والدہ سے کہا، میں طلعت حسین کو فیل نہیں کرسکتا، کیوں کہ ان کی آواز بہت اچھی ہے۔ جب طلعت نے ریڈیو پر کام کرنا شروع کیا، تو ابتدا میں انہیں پانچ روپے ملتے تھے۔ طلعت نے ریڈیو پر پہلا پروگرام ’’کچھ غمِ جاناں کچھ غمِ دوراں‘‘ کیا تواس ڈرامے کی مقبولیت کی وجہ سے وہ راتوں رات ریڈیو کے اسٹار بن گئے تھے اور انہیں فوراً ہی دوسری کیٹیگری مل گئی تھی،معاوضہ بھی پانچ روپے کے بہ جائے پندرہ روپے ملنے لگا۔
ایک مرتبہ ریڈیو پر فیسٹیول منعقد ہوا۔ اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے اعلیٰ افسران بھی دورے پر آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے ان کی آواز کو پسند کیا اور کہا کہ اس آرٹسٹ کو پچیس روپے والی کیٹیگری میں ہونا چاہیے۔