عالمی شہرت یافتہ، لیجنڈ اداکار، ہدایت کار، صداکار، میزبان، ڈرامہ نگار ضیاء محی الدین برطانوی ڈرامہ نگار شیکسپیئر کے بڑے مداح تھے، انہوں نے زندگی میں مختلف مواقع پر شیکسپیئر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مرحوم ضیاء محی الدین کے مشہورِ زمانہ ٹی وی پروگرام ’ضیاء محی الدین شو‘ کی ایک ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے ایک پوری قسط شیکسپیئر اور ان کے کام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے وقف کر دی۔
ویڈیو میں انہیں برطانوی ڈرامہ نگار شیکسپیئر کے ایک مکالمے کو اپنے تقریر میں خوبصورتی سے سموتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
شیکسپیئر سے ان کے لگاؤ کا اندازہ اس بات سے باخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ’وائی شیکسپیئر از شیکسپیئر؟‘ کو مختلف ممالک میں پیش کر کے بتایا ہے کہ وہ کیا چیز ہے جو شیکسپیئر کو شیکسپیئر بناتی ہے۔
نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) میں ضیاء محی الدین کی ہدایت کاری میں پیش کیا جانے والا آخری اسٹیج ڈرامہ بھی شیکسپیئر کا سب سے مشہور ڈرامہ ’رومیو اینڈ جولیٹ‘ ہی تھا۔