صوفی گلوکارہ صنم ماروی کا گلوکاری میں واپسی کا اعلان


صنم ماروی نے 23 جون کوگلوکاری چھوڑنے کے اعلان کے ایک ہی دن  بعد گلوکاری میں واپسی کا اعلان کردیا ہے ۔

صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر  سندھی زبان میں جاری کی گئی ویڈیو میں گزشتہ روز موسیقی چھوڑنے کے اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کہنے کا مقصد تھا کہ سندھ کے عوام نے ان کا بیان سنے بغیر ہی ان پر تنقید کرنا شروع کردی، جس وجہ سے انہوں نے غصے میں آکر موسیقی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

سندھ کے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے گلوکارہ نے کہا کہ اگر ان کے نام سے سرزمین سندھ کی ہیروئن ماروی کا نام نکال لیا جائے تو وہ کچھ بھی نہیں رہیں گی اور وہ سندھ کے مداحوں کو برا بھلا کہنے کی بات سوچ بھی نہیں سکتیں۔

گلوکارہ نے مداحوں کو کہا کہ انہوں نے ان سندھی مداحوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جو ان کے بیان سے قبل ہی انہیں جھوٹا کہہ کر ان کی کردارکشی کر رہے تھے اور ایسے ہی چند افراد کے عمل کی وجہ سے انہوں نے غصے میں آکر گلوکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر سندھی زبان میں ایک پوسٹ میں واپس گلوکاری کی جانب آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناراض مداحوں کو منانے کے لیے سرزمین سندھ پر شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام آکر گائیں گی۔تاہم گلوکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کب اور کس شہر میں آکر مداحوں کے لیے فن کا مظاہرہ کریں گی۔

واضح  رہے کہ دو روز قبل معروف گلوکارہ نے گھریلو تنازعات کی وجہ سے گلوکاری کو خیرآباد کہنے کا اعلان کیا تھا ۔ صنم ماروی کی جانب سے گلوکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان اس وقت کیا گیا تھا جب ان کی سوتیلی بہن گلوکارہ ریشماں پروین نے ان پر شدید الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔


اپنا تبصرہ لکھیں