ٹچ پیڈ کے ساتھ دنیا کے سب سے چھوٹے لیپ ٹاپ سے ملیں جسے ایک چینی کمپنی میجک بین نے تیار کیا ہے۔
میگ 1 نامی یہ ڈیوائس صرف 700 گرام وزنی ہے اور اس کے باوجود اس میں ایپل کے میک بک لیپ ٹاپ سے زیادہ پورٹس ہیں جبکہ اس کا سائز محض کاغذ کی اے 5 شیٹ جتنا ہے۔
اس میں یو ایس بی 3.0 پورٹ، ٹائپ سی کنکٹر، مائیکرو ایس ڈی کارڈ ریڈر، آڈیو ساکٹ اور ایک مائیکرو ایچ ڈی ایم آئی پورٹ ہے۔
چھوٹا، ہلکا اور پتلا ہونے کے باوجود یہ طاقتور لیپ ٹاپ ہے جو اپنے طاقتور حریف لیپ ٹاپس کے مقابلے میں زیادہ سستا بھی ہے۔
اس میں انٹیل کور ایم 3۔ 8100 وائے سی پی یو، 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
مگر اس کی خاص بات ٹچ اسکرین ڈسپلے ہے جس میں 2560×1600 پکسل ریزولوشن دیا گیا ہے۔
ویسے تو یہ دنیا کا سب سے چھوٹا لیپ ٹاپ قرار دیا جارہا ہے مگر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیٹری مکمل چارج ہونے پر 30 گھنٹے تک کام کرتی ہے اور لگاتار استعمال کرنے پر 7 گھنٹے چل سکتی ہے۔
صارفین اس میں اسٹائلوس پین سپورٹ، بیک لٹ کی بورڈ، فنگرپرنٹ ریڈر اور ایم 2 پورٹ کا اضافہ بھی کرسکتے ہیں۔
مگر اس لیپ ٹاپ میں ویب کیم موجود نہیں اور اس کا کی بورڈ بھی بہت چھوٹا ہے جس کے لے آﺅٹ بھی کافی غیرمعمولی ہے۔
یہ ٹچ پیڈ استعمال میں آسان ہے اور اس کی قیمت 790 ڈالرز رکھی گئی ہے۔