‘صرف نالوں کی صفائی مسئلے کا حل نہیں’


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صرف نالوں کی صفائی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت مون سون کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس دوران ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آبی گزرگاہوں پر عمارتیں بن گئی ہیں، نالوں کے ساتھ تجاوزات ہیں جس کے باعث بارش کا پانی نہیں نکلتا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صرف نالوں کی صفائی مسئلے کا حل نہیں، لوکل باڈیز کے پاس ایک باقائدہ مکینزم ہونا چاہیے۔

اجلاس میں وزیر بلدیات نے کہا کہ بارش کے دوران وہ سڑکوں پر تھے، اہم سڑکوں سے بارش کے رکتے ہی پانی کی نکاسی کردی گئی تھی، کچھ جگہوں پر نالے چوک ہوئے جس سے کچھ مسائل پیدا ہوئے تھے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان علاقوں کا تفصیلی پلان دیں جہاں گھروں میں پانی گیا ہے، شہر کی تمام 28 سب ڈویژنز کا پلان دیں میں تمام سب ڈویژن پر وزیر یا مشیر کی ڈیوٹی لگاؤں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شہر کے شمالی علاقوں میں شدید بارش کے بعد سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے تھے۔ شہر میں سیلابی کیفیت پر سوشل میڈیا پر بھی سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ زیادہ تر علاقوں سے پانی نکال لیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر پرانی تصاویر شیئرکی جارہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں