متعدد ممالک میں کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کے دوران ہر کوئی اپنے گھروں تک محصور ہوگیا ہے، اس دوران نامور شخصیات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے مداحوں کو محظوظ کررہے ہیں۔
کوئی آن لائن کنسرٹ رکھ رہا ہے تو کوئی گھر کی صفائی میں مصروف ہے جبکہ کچھ شائقین کو گھر میں بھی فٹ رہنے کے پیغامات دے رہے ہیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے اسٹار سربین فٹبالر نیمنجا میٹک نے بھی اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو گھروں میں رہنے کے باوجود فٹنس کا خیال رکھنے کا پیغام دیا۔
اس دوران انہوں نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ خود ایک جم میں موجود ہیں اور اس تصویر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ جم ان کے اپنے گھر میں موجود ہے۔
اس تصویر پر انہوں نے کیپشن دیا کہ ’ہر دن جم کا دن ہوتا ہے‘۔
جہاں مداحوں نے کھلاڑی کی اس تصویر کو پسند کیا وہیں نیمنجا میٹک کے ساتھی مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے ممبر ہسپانوی فٹبالر جوآن ماتا نے ان کا مذاق اڑایا۔
جوآن ماتا نے اپنے ساتھی کا مذاق اڑاتے ہوئے کمنٹ میں لکھا کہ ’تیار ہو، جم جاؤ، تصویر لو اور پھر پورا دن صوفے پر گزارو، یہ تمہاری پرانی عادت ہے‘۔
نیمنجا میٹک نے کچھ اور دلچسپ ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ جم میں ورزش کرتے نظر آئے۔
خیال رہے کہ فٹ بال پریمیئر لیگ کے میچز رواں سال 30 اپریل تک منسوخ کردیے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت تمام کھلاڑی اپنے گھروں میں موجود ہیں اور ان کی ٹریننگ بھی رک گئی ہے۔
جس کے بعد کئی کھلاڑی انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کررہے ہیں کہ اس دوران وہ اپنی فٹنس کا خیال کس طرح رکھ رہے ہیں۔