واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات پر رضا مندی ظاہر کردی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا انہیں یقین ہےکہ ایرانی قیادت ان سے بات چیت کرنا چاہتی ہے۔
امریکی صدر نے رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے لیے رضا مندی کا اشارہ دیا اور اس بات کی بھی توقع ظاہر کی ہےکہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایرانی صدر سے ملاقات کے انتظام کی کوشش کررہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ایران ملاقات چاہتا ہے۔
تاہم ایران کی جانب سے اب تک اس حوالے سے مثبت پیشرفت نہیں ہوئی ہے جب کہ گزشتہ روز ایرانی صدر نے ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکیوں کو سمجھنا چاہیے کہ لڑائی اور جنگجوئی ان کے حق میں نہیں ہے لہٰذا یہ ختم ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے معاہدے کو یک طرفہ طور پر منسوخ کرنے کے بعد سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا جس کے بعد امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اور ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای پر پابندی عائد کردی