پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار توقیر ناصر نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے صبا قمر کو آڈیشن میں ریجیکٹ کر دیا تھا۔
توقیر ناصر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر اور دیگر مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں، میرے ساتھ بھی اُنہوں نے بہت اچھا کام کیا، میں ان کی اچھی کارکردگی کی تعریف کرتا ہوں۔
اداکار نے بتایا کہ لیکن بہت پہلے کی بات ہے جب میں نے اپنی پروڈکشن میں بننے والے ایک ڈرامے کے لیے کئی اداکاروں کا آڈیشن لیا تھا جن میں صبا قمر بھی شامل تھیں اور میں نے ان کا انتخاب نہیں کیا تھا۔
اُنہوں نے صبا قمر کو آڈیشن کے دوران ریجیکٹ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے اس آڈیشن کے دوران صبا قمر اپنے کام سے مخلص نہیں لگی تھیں۔
توقیر ناصر نے بتایا کہ میں نے آڈیشن کے دوران صبا قمر کو 4 لائنز کے ڈائیلاگز دیے تھے جو اُنہوں نے فر فر ادا کر دیے۔
اُنہوں نے بتایا کہ صبا قمر نے ڈائیلاگز اس انداز سے ادا کیے جیسے اُنہیں کہیں جانے کی جلدی ہو اور پھر اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ وہ جلدی میں ہیں کیونکہ اُنہیں کہیں جانا ہے تو مجھے ان کا یہ رویہ پسند نہیں آیا۔