پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ لیلیٰ زبیری نے ساتھی اداکاراؤں، بالخصوص صبا فیصل اور بشریٰ انصاری کی جانب سے کاسمیٹکس پروسیجرس کے اعتراف پر اپنا ردعمل ظاہر کر دیا۔
حال ہی میں لیلیٰ زبیری ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے چینل پر دکھائی دیں، جہاں انہوں نے دیگر امور کے ساتھ ساتھ صبا فیصل اور بشریٰ انصاری کی جانب سے کاسمیٹکس پروسیجرس کے اعتراف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کھل کر بات کی۔
دوران انٹرویو یوٹیوبر نے سوال کیا کہ صبا فیصل اور بشریٰ انصاری نے اعتراف کیا ہے کہ انڈسٹری میں رہنے کے لیے سرجریز کروانی پڑتیں ہیں، انہوں نے خود بھی مختلف سرجریز کروائیں ہیں جس کا اعتراف وہ خود بھی کرتی ہیں، کہ بےشک ماں کا کردار کرنا ہے لیکن جھریوں والی ماں نہیں بننا، اس حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے کیا واقعی سرجری کروانا ضروری ہے؟
یوٹیوبر کے سوال پر لیلیٰ زبیری نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کو حق ہے اچھا لگنے کا اور اگر کوئی اس طرح اچھا نظر آنا چاہتا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ لوگوں کا کام ہے تنقید کرنا، اس کی پرواہ کئے بغیر اپنی فکر کریں اپنا خیال رکھیں جس میں آپ مطمئین ہیں وہ کام کریں اور یہ ہی سب سے ضروری چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل، تمام عمر کے افراد کاسمیٹک پروسیجرس کروا رہے ہیں کیونکہ یہ ایک رجحان بن گیا ہے۔ اب یہ تمام پروسیجرس باآسانی دستیاب ہیں اور اگر یہ ایک عام رجحان بن گیا ہے، اس لیے جو کروانا چاہتا ہے وہ ضرور کروائے۔
لیلیٰ زبیری نے اپنے دور میں ٹی وی انڈسٹری میں میک اپ کے رجحانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کبھی میک اپ میں 2 سے 3 گھنٹے ضائع نہیں کرتے تھے، ہمارے دور میں بھاری میک اپ کا کوئی تصور نہیں تھا۔