پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 208 رنز کا ہدف دیدیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان بابراعظم اور نوجوان صائم ایوب نے ابتداء سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، نوجوان بیٹر صائم ایوب نے 36 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
کپتان بابراعظم 41 گیندوں پر 50 رنز بناسکے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث 9، ٹام کیڈمور 36، حسیب اللہ خان 12، عامر جمال 5 جبکہ عظمت عمرزئی اور وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4، حارث رؤف، راشد خان اور زمان خان 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کامیابی سمیٹ کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 4 میں براہ راست کوالیفائی کریں۔ اس موقع پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ میچ ووننگ پرفارمنس کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز 7 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی پلے آف اور ٹیبل پر ٹاپ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ اسکے 4 میچز اب بھی باقی ہیں۔