پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں نامعلوم افراد کی پراپرٹی ڈیلر کے دفتر میں فائرنگ سے 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
خان پور میں نامعلوم افراد پراپرٹی ڈیلر کے دفتر میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے نتیجے میں 2 بھائی نوید ڈوگر اور فاروق ڈوگر سمیت تین افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کےلیے ہسپتال منتقل کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
واقعے پر آئی جی پنجاب عثمان انور نے ریجنل پولیس افسر (آرپی او) شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایلیٹ فورس کا جوان شہید
پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید ہوگیا جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں 4 ڈاکو مارے گئے۔
بستی درویش لاشاری میں گزشتہ رات پولیس جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، ملزمان کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا جوان شہریار شہید ہوگیا جب کہ ایک مقامی شخص زخمی بھی ہوا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں 4 ڈاکو مارے گئے، ایلیٹ فورس کے شہید اہلکار شہریار کی نماز جنازہ رات گئے پولیس لائنز میں ادا کردی گئی۔
شہید کے جسد خاکی کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو آبائی گاؤں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا۔