شیاؤمی کی پہلی اسمارٹ واچ آئندہ ہفتے متعارف ہوگی


شیاﺅمی کی جانب سے آئندہ ہفتے 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس فون متعارف کرایا جارہا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ کمپنی پہلی بار ایک اسمارٹ واچ بھی پیش کرنے والی ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس اسمارٹ واچ کی تفصیلات ظاہر کی گئی ہیں جو 5 نومبر کو ہی متعارف کرائی جائے گی اور دیکھنے میں یہ بالکل ایپل واچ جیسی ہے۔

شیاﺅمی کی جانب سے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر اس اسمارٹ واچ کے بنیادی فیچرز بتائے گئے۔

اسے می واچ کا نام دیا جائے گا اور اس میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون وئیر 3100 پراسیسر ہوگا۔

اسی طرح وائی فائی، جی پی ایس اور این ایف سی سپورٹ کے ساتھ ای سم کی سہولت بھی دی جائے گی جس کی بدولت صارفین اس ڈیوائس سے فون کالز بھی کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ شیاﺅمی اس سے پہلے اسمارٹ واچ سے ملتی جلتی ڈیوائسز می بینڈ کے نام سے متعارف کراچکی ہے مگر یہ پہلی بار ہے کہ ایسی ڈیوائس پیش کی جارہی ہے جسے باقاعدہ یا حقیقی اسمارٹ واچ قرار دیا جاسکتا ہے۔

شکل میں ایپل واچ سے ملتی جلتی ہونے کے باوجود یہ قیمت کے لحاظ سے کافی سستی ہوسکتی ہے تو صارفین کے لیے ایپل واچ کا اچھا متبادل بھی ثابت ہوسکے گی۔

اس ایونٹ میں یہ کمپنی ایک اسمارٹ ٹیلیویژن اور 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس فون می سی سی 9 پرو (عالمی سطح پر ممکنہ طور پر می نوٹ 10 نام ہوگا) بھی متعارف کرائے جائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں