شیاؤمی کا حیران کن فیچرز سے لیس فلیگ شپ فون می 10 الٹرا


رواں سال کے شروع میں شیاؤمی نے اپنے 2 فلیگ شپ فونز می 10 اور می 10 پرو متعارف کرائے تھے۔

اب کمپنی کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر کمپنی نے می 10 سیریز میں ایک نئے فون می 10 الٹرا کا اضافہ کیا ہے جو حیران کن کیمرا سسٹم، تیزرفتار وائرلیس اور وائرڈ چارجنگ سپورٹ سے لیس ہے۔

می 10 پرو میں 108 میگا پکسل کیمرا 50 ایکس ہائبرڈ زوم اور 8 کے ویڈیو موڈ کے ساتھ دیا گیا تھا، مگر می 10 الٹرا میں اس کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔

اس میں 108 کی جگہ 48 میگا پکسل مین کیمرا دیا گیا مگر زیادہ خاص 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا ہے جس میں 10 ایکس آپٹیکل زوم، 120 ایکس ہائبرڈ زوم اور 8 کے ویڈیو موڈ دیا گیا ہے، بالکل سام سنگ کے گلیکسی ایس 20 الٹرا جیسا زوم دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 20 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا (128 ڈگری فیلڈ آف ویو) اور 12 میگا پکسل پورٹریٹ کیمرا بھی 4 بیک کیمروں کے سیٹ اپ کا حصہ ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

فون میں 6.67 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسپلے خم ایجز اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فنگرپرنٹ ریڈر اسکرین کے اندر دیا گیا ہے جبکہ 20 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں موجود ہے۔

فون میں 4500 ایم اے ایچ ڈوئل سیل بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 50 واٹ وائرلیس اور 120 واٹ وائرڈ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

فون میں 8 جی بی، 12 جی اور 16 جی بی ریم جبکہ 128، 256 جی بی اور 512 جی بی اسٹوریج کے آپشنز بھی دیئے گئے ہیں۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 5299 چینی یوآن (ایک لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 5999 یوآن (ایک لاکھ 45 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 6999 یوآن (لگ بھگ ایک لاکھ 70 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا۔

یہ فون سب سے پہلے چین میں ہی فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جبکہ دیگر ممالک کے حوالے سے کمپنی نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں