کراچی:
معروف اداکار شہروز سبزواری نے اہلیہ سائرہ شہروز کو طلاق دینے کی خبروں کی تردید کردی۔
شہروز سبزواری نے ویڈیو پیغام میں سائرہ سے علیحدگی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے تصدیق کیے بنا ہماری عزت کو اچھالا جا رہا ہے اور ایسی لڑکی کو اس معاملے میں گھسیٹا جا رہا ہے جس کی کوئی غلطی ہی نہیں کیوں کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ میری ذات سے کسی کو منسلک کر دیا جائے اور میں خاموشی سے سب دیکھتا اور سنتا رہوں، بحیثیت مسلمان میرا فرض بنتا ہے کہ میں دوسروں کی عزت کا تحفظ کروں۔
شہروز سبزواری نے کہا کہ سائرہ اور میرے درمیان جو بھی مسٔلے مسائل ہیں وہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے، سائرہ آج بھی میری اہلیہ ہے کیوں کہ ہمارے درمیان علیحدگی ہوئی ہے طلاق نہیں ہوئی اور دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہم دونوں کے درمیان رشتہ ختم ہونے کی وجہ صدف ہیں جس کا تعلق نہ میرے خاندان سے ہے اور نہ ہی سائرہ کے خاندان سے ہے۔
شہروز کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ کسی کی بہن بیٹی کی عزت کو اچھالا جارہا ہے اور لوگ مجھ سے یا سائرہ سے پوچھے بغیر خود ہی مدعی و منصف بن گئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: شہروز اور سائرہ کے درمیان طلاق کی خبریں بے بنیاد ہیں، بہروز سبزواری
شہروز نے ویڈیو پیغام میں علیحدگی پر تفصیلی بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج سے 6 ماہ قبل میں نے اور میری اہلیہ سائرہ نے نظریات نہ ملنے کی وجہ سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیوں کہ ہماری وجہ سے گھر کا ماحول خراب ہورہا تھا اور اس کو طلاق نہیں علیحدگی کہتے ہیں جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ آیا ہم نے مستقبل میں ساتھ رہنا ہے یا نہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: شہروز سبزواری نے اہلیہ سائرہ شہروز سے علیحدگی کی تصدیق کردی
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ سائرہ میری بیوی ہے اور میری عزت ہے اور اس لئے میں نہیں چاہتا کہ کوئی اس بارے میں کچھ بولے جب کہ صدف سے متعلق بھی کسی کو کچھ بولنے کا حق نہیں ہے کیوں کہ اس سے میری صرف ایک ماہ قبل ہی ملاقات ہوئی تھی اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو معافی مانگنی چاہیے کہ کیوں کہ بنا تصدیق کسے کے بارے میں بولنا گناہ ہے۔