شہروز سبزواری اور سعیدہ امتیاز کی رومانوی ’قلفی‘


اداکارہ شہروز سبزواری اور سعیدہ امتیاز جلد ہی رومانٹک ایکشن فلم میں ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

خبریں ہیں کہ جلد ہی دونوں اداکار اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گے۔

’قلفی‘ کو کلاکار پروڈکشن کے بینر تلے بنایا جائے گا، جس نے متعدد ایوارڈ جیتنے والی فلم ’ساون‘ بھی بنائی تھی۔

دونوں اداکاروں نے ’قلفی‘ کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دونوں فلم میں مرکزی اور پہلی بار انتہائی منفرد اور مشکل کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ’قلفی‘ ایک مکمل ایکشن فلم ہے، تاہم اس میں رومانس اور کامیڈی کا تڑکا بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت فلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور ایکشن سین فلمانے کے لیے وہ اس وقت تربیت لے رہے ہیں۔

اگرچہ انہوں نے کردار کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ فلم میں ایک ہیکرز یا چور کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے اور چوں کہ ’قلفی‘ ایکشن فلم ہے، اس لیے وہ ٹریننگ بھی لے رہے ہیں۔

شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ وہ فلم میں حریفوں سے فائٹ کرتے دکھائی دیں گے، اس لیے وہ ایکشن سین کو شوٹ کروانے کے لیے ٹریننگ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب سعیدہ امتیاز نے بھی ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی مرتبہ وہ منفرد اور انتہائی مشکل کردار ادا کرنے جا رہی ہیں۔

سعیدہ امتیاز کے مطابق وہ بھی ’قلفی‘ میں منفرد کردار ادا کرنے کے لیے تیاریاں کر رہی ہیں لیکن انہوں نے بھی اپنے کردار اور فلم کی کہانی بتانے سے گریز کیا۔

سعیدہ امتیاز نے بتایا کہ اگرچہ فلم کی شوٹنگ تاحال شروع نہیں کی گئی، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی اس کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو آئندہ برس عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی ہدایات سلیم داد دیں گے جبکہ اس کی دیگر کاسٹ میں میگا اسٹار جاوید شیخ، معمر رانا، ثنا فخر اور حامد علی خان بھی شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں