شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ شہروز کے درمیان علیحدگی کی خبریں کئی روز سے سامنے آرہی ہیں البتہ دونوں اداکاروں نے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
جہاں سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کی طلاق کی افواہیں سامنے آرہی ہیں وہیں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ دونوں اداکاروں میں ماڈل صدف کنول کی وجہ سے علیحدگی ہوئی ہے۔
کچھ صارفین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ دونوں اداکار گزشتہ 6 ماہ سے ایک ساتھ نہیں رہ رہے۔
شہروز نے چند ماہ قبل صدف کنول کے ہمراہ بھی تصویر شیئر کی — فوٹو: انسٹاگرام
البتہ اب اداکار شہروز سبزواری کے والد نامور اداکار بہروز سبزواری نے ان دونوں کی طلاق کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے اور سائرہ کے درمیان طلاق کی خبریں جھوٹی اور بےبنیاد ہیں۔
بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی گھر نہیں جہاں جھگڑا نہ ہوتا ہو اور ان دونوں کے درمیان بھی معمولی ناراضی ہے اور امید ہے کہ یہ جلد ختم ہوجائے گی۔
معروف اداکار نے یہ بھی واضح کیا کہ سائرہ کے والد کی طبعیت کچھ دنوں سے ٹھیک نہیں اور یہی وجہ ہے کہ سائرہ ان کے پاس رہ رہی ہیں۔
خیال رہے کہ سائرہ اور شہروز نے 2012 میں پسند کی شادی کی تھی۔
مزید پڑھیں: شہروز اور سائرہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں
سائرہ اور شہروز کے ہاں بیٹی کی پیدائش 2014 میں ہوئی تھی جس کی تصاویر اور ویڈیوز دونوں اداکار اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔
ویسے تو سائرہ اور شہروز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اکٹھے تصاویر اور ویڈیوز بھی لگاتے ہیں البتہ دونوں نے رواں سال جون میں آخری بار انسٹاگرام پر ایک ساتھ تصویر شیئر کی تھی۔
ان کی شادی 2012 میں ہوئی — فوٹو: انسٹاگرام
ان کی جوڑی کا شمار شوبز انڈسٹری کی مقبول اور خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا ہے اور دونوں کو ہر بار ایک ساتھ دیکھا گیا، تاہم گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انہیں کسی بھی پارٹی میں ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا۔
جہاں ان دونوں کی علیحدگی کی خبریں چل رہی ہیں، وہیں یہ بات اہم ہے کہ سائرہ شہروز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کے نام کے ساتھ ’شہروز‘ کا نام اب بھی لگا ہوا ہے۔
فوٹو: انسٹاگرام