شہدائے کربلا کا چہلم: ملک بھر سے جلوس برآمد


حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں علم تعزیوں اور ذوا لجنا ح کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوگا اور کھارادر حسینیاں ایرانیاں پرختم ہوگا۔

جلوس کی گزرگاہوں پرکنٹینر رکھ کر راستوں کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ چہلم کے جلوسوں کے روٹ پر اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

شہدائے کربلا کے چہلم پر پنجاب میں آج ایک دن کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

کوئٹہ میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے چہلم کے جلوس برآمد ہوں گے، شہدائے کر بلا کے چہلم کے سلسلے میں امام بارگاہ مومن آباد علمدار روڈ سے شبیہ ذوالجناح و علموں اور تعزیوں کا 22 دستوں پر مشتمل ماتمی جلوس بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا کی قیادت میں برآمد ہوگا جو روایتی راستوں ہوتا ہوا نماز عصر پر بہشت زینب قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

ہزارہ ٹاؤن کا علم، تعزیوں اور ذوالجناح کا جلوس ولی عصر امام بارگاہ سے برآمد ہو گا جو ہزارہ ٹاؤن کے مقررہ راستوں سے ہو تا ہوا ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

دونوں جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے 6 ہزار سے زائد پولیس، ایف سی اور لیویز اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی ہو گی

کوئٹہ مین موبائل سروس بند اور تین تھانوں کی حدود میں ایک دن کیلئے موٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد ہے۔

اس کے علاوہ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور  پشاور سمیت چھوٹے بڑے شہروں سے چہلم کے جلوس برآمد ہوں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں