لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف وطن واپس آگئے، اب عمران خان مصنوعی بیانیے سے عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے اور اب ان کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی وطن واپسی کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ عمران صاحب شہباز شریف واپس آ گئے، آپ کی ڈھیل کا وقت ختم ہوا جاتا ہے، عمران صاحب آپ شہباز شریف کے آنے سے پہاڑوں میں چھُپ گئے ہیں۔
ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ حکومت کے جھوٹے کرائے کے ترجمانوں میں تھوڑی سی شرم ہے تو رضا کارانہ استعفے دے دیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب شہباز شریف ملک سنوارنے والوں میں سے ہیں اور عوام اُن سے محبت کرتے ہیں، عمران صاحب تیاری کریں آپ نے شہباز شریف کو اپنی نالائقی اور نااہلی کے جواب دینے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران صاحب کنٹینر پر گورنر ہاؤس میں وزیراعظم کے رہنے پر بھاشن اور خود گورنر ہاؤس میں مزے لے رہے ہیں۔