پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کر دیا۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے باعث بیرون ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ان نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے، اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی سوچ کے تحت آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لیے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز کمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل کا فوری، منصفانہ اور جائز حل ہونا چاہیے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائدادوں کا قبضہ چھڑانے سمیت ان کے سرمایہ کے فروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہیں، پاکستان آنے جانے کے دوران ان کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔
شبہاز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ان مقاصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے، آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اور قدر کی ہے، ہمارے دور حکومت میں وفاق میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں، صوبہ پنجاب میں اوورسیز کمیشن قائم کیا گیا جس کے ذریعے 36 اضلاع میں رول ماڈل پروگرام تشکیل دیا گیا، جبکہ ان اقدامات کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مدد کو یقینی بنانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، اورسیز کمیونٹی کو ایوان اقتدار میں حق نمائندگی دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔