مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنی وطن واپسی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف علاج کی غرض سے لندن گئے تھے جہاں سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد شہباز شریف کے حوالے سے متعدد بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ وہ لندن فرار ہو چکے ہیں۔
وطن واپسی سے قبل ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری وطن واپسی سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلائی گئیں، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پرسوں قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت ہو گی، آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے تمام فیصلے مشاورت سے کیے جائیں گے۔
سابق وزیراعظم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو بہت پرانی بیماری ہے اور ان کے آپریشن بھی ہو چکے ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے کے لیے پی ٹی آئی حکومت سرد مہری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور حکومت نے ظلم وزیادتی کا راستہ اپنایا ہوا ہے۔