وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بے یقینی اور عدم استحکام پھیلانے والے عناصر کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کو حکومت، ریاستی اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منظم مہم کو ناکام بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔
سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے ایوان بالا کو تمام منتخب ایوانوں کی جمہوری اقدار اور باوقار ماحول کے لیے رہنمائی کرنی چاہیے۔
سینیٹر عرفان صدیقی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں خارجہ امور کی کمیٹی بیرونی ممالک میں پاکستان کے مثبت، پرامن اور تعمیری امیج کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے گی۔