شوہر کے ظلم برداشت کیے، پھر بھی طلاق ہوئی: عصمت زیدی

شوہر کے ظلم برداشت کیے، پھر بھی طلاق ہوئی: عصمت زیدی


پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عصمت زیدی نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کے شوہر نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا تو اپنے اہلِ خانہ کی خاطر اپنے غم کو چُھایا، خاموش رہی لیکن پھر بھی انہوں نے طلاق دے دی۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنی نجی زندگی کے حوالے سے مختلف انکشافات بھی کیے۔

انہوں نے دورانِ پروگرام ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جب 19 برس کی تھی تو میری شادی ہو گئی تھی، شادی کے کافی عرصے کے بعد اندازہ ہوا کہ شوہر کی زندگی میں کوئی دوسری خاتون ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ شادی کے 23 برس بعد شوہر نے دوسری شادی کی تو احساس ہوا کہ اب میں اکیلی رہ گئی ہوں اور سب کچھ مجھے خود کرنا ہے، اپنے بچوں، والدین اور اہلِ خانہ کی خاطر اس وقت ہمت نہیں ہاری بلکہ ہمت سے کام لیا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ خاموش رہنے، برداشت کرنے کے باوجود بھی شوہر مجھے اور بچوں کو چھوڑ کر دوسری شادی کریں گے۔

عصمت زیدی نے بتایا کہ میرے شوہر نے دوسری شادی کرنے کی خاطر مجھے زبردستی طلاق دی لیکن جب طلاق ہوئی تو لوگوں نے مجھ پر بہت تنقید بھی کی، وہ کہتے تھے کہ تُم پر اور تمہارے بچوں پر طلاق کا کوئی اثر نہیں ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچوں پر میری طلاق کی وجہ سے بُرا اثر پڑے، اسی لیے میں اُنہیں یہ مسئلہ محسوس ہی نہیں ہونے دیتی تھی۔

گزشتہ 29 برس سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ عصمت زیدی نے 1995ء کے بعد اداکاری کا آغاز کیا۔

ان کا پہلا ڈرامہ ’جانے انجانے‘ کے نام سے تھا، جس کے بعد انہوں نے ’امیدِ سحر‘ نامی ڈرامے میں بھی کام کیا اور شہرت حاصل کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں