لاہور: مبینہ طور پر شوہر کے دوستوں کے سامنے رقص کرنے سے انکار کرنے والی خاتون اسماء نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو بیان حلفی جمع کرادیا۔
اپنے بیان حلفی میں اسماء نے کہا کہ میرا شوہر فیصل دو دوستوں کو گھر لایا، مجھےشراب پینے اور ڈانس کرنے کو کہا جب میں نے رقص کرنے سے انکار کیا تو اس نے میرے پاؤں باندھ کر تشدد کیا۔
اسماء نے کہا کہ جب میں نے گھر سے بھاگنے کی کوشش کی تو شوہر نے گٹر کا ڈھکن سر پر مارا جس کے بعد میرے سر کے بال مونڈھ دیے۔
اسماء کے مطابق اس دوران تین ملازم راشد، امجد اور فرزانہ گھر میں موجود تھے تاہم ملازمہ کے فون سے سہیلی کو فون کر کےگھر بلوایا جو گھر پہنچی اور مجھے تھانے لے گئی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو میڈیکل کروانے کا بولا تو انہوں نے 5 ہزار روپے مانگے جس کے بعد نہ کوئی رپورٹ دی نہ میڈیکل کرایا پھر پولیس میں شنوائی نہ ہونے پر روتی ہوئی تھانے سے باہرآ گئی۔
وزیر مملکت داخلہ کا نوٹس
واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے جیونیوز کی اس خبر پر واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
شہریار آفریدی نے آئی جی پولیس پنجاب کو ملزم کے خلاف فوری ایکشن اور معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کی اور واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔