“شوہر کی موت پر شاہ رخ نے بیٹے کی سپورٹ کا وعدہ کیا تھا، اب فون ہی نہیں لگتا”


 ممبئی: معروف بھارتی موسیقار آدیش شریواستو کی بیوہ ویجیتا پنڈت نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اُن کے شوہر کی موت کے وقت اُن کے بیٹے کا خیال رکھنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب اداکار کا فون نمبر ہی نہیں لگتا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویجیتا پنڈت نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میرا بیٹا اویتیش بہت محنتی ہے لیکن بدقسمتی سے میرے بیٹے کو فلم انڈسٹری میں کسی کی سپورٹ نہیں مل رہی ہے، فنکار، پروڈیوسرز اور ہدایتکار جانتے ہیں کہ میرے شوہر اب اس دُنیا میں نہیں رہے لیکن اس کے باوجود، کوئی مدد کے لیے تیار نہیں۔

ویجیتا پنڈت نے کہا کہ میرے شوہر کینسر کے جان لیوا مرض سے لڑتے ہوئے سال 2015 میں اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے اور اُس وقت شاہ رخ خان نے ہم سے ایک وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہ ہوسکا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرے شوہر آدیش اور شاہ رخ خان کے درمیان کافی اچھی دوستی تھی، شوہر کی موت سے ایک روز قبل، کنگ خان اسپتال آئے تھے، اُس وقت آدیش اپنی تکلیف کی وجہ سے بول نہیں پا رہے تھے تو شاہ رخ خان نے نے ہمارے بیٹے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہمارے بیٹے کا خیال رکھیں گے۔

ویجیتا نے کہا کہ اُس وقت شاہ رخ خان نے مجھے ایک فون نمبر دیا تھا جو ہمیشہ بند ہی جاتا ہے، میں نے بہت بار اُس نمبر پر کالز کرنے کی کوشش کی لیکن ہر بار نمبر بند جارہا ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج جب مجھے اور میرے بیٹے کو شاہ رخ خان کی بہت ضرورت ہے تو ہم اُن سے رابطہ نہیں کر پا رہے، میں شاہ رخ کا یاد دلانا چاہتی ہوں کہ آپ میرے بیٹے کے کیریئر میں مدد کرکے اپنا وعدہ پورا کریں۔

ویجیتا نے کہا کہ شاہ رخ خان اپنے پروڈکشن بینر ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے تحت میرے بیٹے کے ساتھ فلم بنا سکتے ہیں، میرا بیٹا بہت اچھا اداکار ہے، وہ ایک ‘فرائیڈے’ نامی فلم کررہا ہے جو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوگی ہے۔

اُنہوں نے شاہ رخ خان سے درخواست کرتے ہوئے مزید کہا کہ میرے بیٹے کے کیریئر میں سپورٹ کریں، ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں