ممبئی: امریکا سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنی بیوی کو اس بات پر چاقو کے وار سے قتل کردیا کہ وہ بالی ووڈ اداکار ہرتھیک روشن کی مداح تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا کے رہائشی 33 سالہ شخص دنیشور بدھی دت نے اپنی 27 سالہ بیوی ڈونی دوجوئے کو صرف اس بات پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا کہ وہ بالی ووڈ اداکار ہرتیھک روشن کی دیوانی تھی۔ دنیشور اپنی بیوی کی ہرتیھک روشن کے لیے دیوانگی دیکھ کر جلن محسوس کرتا تھا بالآخر اس نے اپنی بیوی کا قتل کردیا بعد ازاں اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔
دونوں کے ایک مشترکہ دوست کے مطابق ڈونی دوجوئے ہرتھیک روشن کی بہت بڑی مداح تھی اور یہ بات دنیشور کو پسند نہیں تھی۔ جب کہ مقتولہ ڈونی کی ایک دوست کا کہنا ہے کہ ڈونی نے اسے بتایا تھا کہ جب وہ ٹی وی پر ہرتھیک روشن کی فلم دیکھتی ہے یا کوئی گانا سنتی ہے تو اس کا شوہراسے ٹی وی بند کرنے کے لیے کہتاتھا کیونکہ اسے ہرتھیک روشن سے جلن محسوس ہوتی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ڈونی دوجوئے اپنے شوہر کے ہمراہ اپنے اپارٹمنٹ سے شفٹ کررہی تھی جب اس کے شوہر نے اسے یہ کہہ کر روکا کہ وہ دونوں ایک ساتھ فلم دیکھیں گے تاہم اس نے اس اپارٹمنٹ میں اپنی بیوی کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد دنیشور نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کی بہن کو پیغام بھیجا جس میں اس نے بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کو قتل کردیا ہے۔ بعد ازاں دنیشور نے ایک درخت سے لٹک کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔