شمالی وزیرستان: ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک جوان شہید

شمالی وزیرستان: ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک جوان شہید


پاک ۔ افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے پاک ۔ افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

دہشت گردوں کے حملے میں لانس نائیک محمد عمران شہید اور 2 جوان زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

ان حملوں میں سے کئی سرحد پار سے کیے جاتے ہیں۔

29 اکتوبر کو افغانستان سے سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ‘افغان فورسز نے صوبے کنڑ سے چترال کے چترال کے گاؤں آروندو کی شہری آبادی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 جوان اور ایک خاتون سمیت 5 شہری زخمی ہوئے’۔

بیان کے مطابق ‘افغان سیکیورٹی فورسز نے مارٹر گولوں اور بھاری مشین گنوں کا استعمال کیا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں افغان سرحدی پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچا’۔

اس سے قبل 20 ستمبر کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں پاک – افغان سرحد پر ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق افسر کی نگرانی میں پاک فوج کا اسکواڈ اس دراندازی والے علاقے میں باڑ لگانے کے کام کی نگرانی میں مصروف تھا کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ کا نشانہ بن گئے۔

14 ستمبر کو پاک-افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے دو واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں 2 شدت پسند مارے گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں