گزشتہ شب پاکستان کے دو معروف کامیڈین اور میزبانوں نے ٹی وی شائقین کو قہقہے لگانے پر مجبور کر دیا۔
معروف اداکار و میزبان شفاعت علی گزشتہ شب جیو نیوز پر نشر کیے جانے والے ٹی وی کے مشہور ترین شو ’ہنسنا منع ہے‘ کے مہمان بنے۔
اس دوران اِن دونوں نے مل کر خوب دلچسپ باتیں کی اور شفاعت علی نے ناظرین کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے جوابات دیئے۔
شو کے دوران ایک خاتون کا تابش اور شفاعت سے پوچھنا تھا کہ آپ دونوں کی تعلیم انجینئرنگ کی ہے جبکہ پیشے کے اعتبار سے آپ دونوں ٹی وی میزبان ہیں، آپ دونوں میں سے بہتر انجینئر کون ہے؟
اس سوال کے جواب میں ہنسی مذاق کرتے ہوئے تابش کا بتانا تھا کہ اُنہوں نے الیکٹرونکس میں انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے جبکہ شفاعت کا کہنا تھا کہ وہ الیکٹریکل انجینئر ہیں۔
شو کے دوران شفاعت کا بتانا تھا کہ انہوں نے 4 سال بطور انجینئر ملازمت بھی کی ہے، اُن کا ڈیزائن کردہ ایک پاور ہاؤس بھی اس وقت پاکستان میں کام کر رہا ہے۔
شفاعت علی نےاس دوران خود کے ساتھ پیش آنے والے دلچسپ اور یادگار واقعات بھی سنائے۔
شفاعت علی نے شو کے دوران متعدد سیاستدانوں کی پیروڈی بھی کی جس سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔