شعیب ملک نے ثناء جاوید سے شادی کرلی

شعیب ملک نے ثناء جاوید سے شادی کرلی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کرلی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شعیب ملک نے پوسٹ شیئر کر کے اپنی شادی کا اعلان کیا ہے۔

شعیب ملک نے ثناء جاوید کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے پوسٹ کے کیپشن میں اللّٰہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’الحمد للّٰہ‘ لکھا اور ساتھ میں قرآنی آیت بھی شیئر کی ہے۔

شعیب ملک نے جو قرآنی آیت  شیئر کی اس کا ترجمہ کچھ یوں ہے کہ ’اور ہم نے تمہیں جوڑوں میں بنایا ہے‘۔

اداکارہ ثناء جاوید نے بھی انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کرکے شادی کی تصدیق کردی ہے۔

شعیب ملک نے ثناء جاوید سے شادی کرلی

خاندانی ذرائع کے مطابق ثناء اور شعیب کی شادی کی تقریب کراچی میں ہوئی جس میں دوستوں اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی، شادی کچھ روز قبل ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ سال 2022 کے اختتام سے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی طلاق کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپریل 2010 میں شادی کی تھی۔

طلاق کی خبروں کو کئی ماہ گزر جانے کے باوجود دونوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔

دونوں کے ہاں شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

دوسری جانب اداکارہ ثناء جاوید اور گلوکار عمیر جسوال کی شادی کووڈ کے دوران اکتوبر 2020 میں ایک نجی تقریب میں ہوئی تھی جس میں چند دوست احباب اور رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔ دو ماہ قبل نومبر 2023 میں ان کی طلاق کی خبریں سامنے آئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں