شریا گھوشال، علی ظفر کا گانا ’جھوم‘ اپنی آواز میں پیش کرنے کیلئے پُرجوش

شریا گھوشال، علی ظفر کا گانا ’جھوم‘ اپنی آواز میں پیش کرنے کیلئے پُرجوش


بھارت کی معروف گلوکارہ شریا گھوشال نئی بالی ووڈ فلم ’کریک‘ کے لیے شہرۂ آفاق پاکستانی گلوکار علی ظفر کے مشہور گانے’جھوم‘ کو اپنی آواز میں گانے کے لیے پُر جوش ہیں۔

شریا گھوشال نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے مداحوں کو اس خبر سے آگاہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد فلم ’کریک‘ کے لیے علی ظفر کا گانا ’جھوم‘ اپنی آواز میں پیش کرنے والی ہیں۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں ہمیشہ سے ہی علی ظفر اور ان کے خوبصورت گانے’جھوم‘ کی بہت بڑی مداح رہی ہوں۔

شریا گھوشال نے ’جھوم‘ گانے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ یہ گانا میرے دل کے بہت قریب ہے اور میں اس بات کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہوں کہ آپ سب لوگ فلم ’کریک‘ کے اس گانے کو ایک بار پھر سنیں۔

علی ظفر نے شریا گھوشال کی اس پوسٹ پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ آپ کے محبت بھرے الفاظ کا شکریہ، آپ خود ہمارے دور کے سب سے متاثر کن اور مشہور گلوکاروں میں سے ایک ہیں۔

اُنہوں نے لکھا کہ  میں آپ کی اور وشال مشرا کی انتہائی روح پرور آواز میں اس کمپوزیشن کو سننے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں جو میرے دل کے بھی بہت قریب ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ آپ لوگ اس گانے کے ساتھ پورا پورا انصاف کریں گے۔

یاد رہے کہ یہ گانا علی ظفر کے البم ’جھوم‘ کا پہلا ٹریک ہے جسے 2011ء میں ریلیز کیا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں