اسلام آباد:
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پرکویت پہنچ گئے۔
کویت ہوائی اڈے پرکویت کے ڈپٹی اسسٹنٹ وزیرخارجہ برائے ایشیاء امور صالم الحمدان، پاکستان میں کویت کے سفیرنثارمطہری، پاکستانی سفیر غلام دستگیراورسفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
کویت روانگی سے قبل میڈیا سی گفتگوکرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاکہ وہ امیرکویت کے لئے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی خط لے کر جا رہے ہیں۔ دورہ کے دوران کویت کے امیرشیخ صباح الاحمدالصباح سے ملاقات ہو گی اور وہ عمران خان کی جانب سے انہیں خصوصی خط پیش کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ کویت میں انکی اپنے ہم منصب سے ملاقات بھی ہوگی اور پھر وفودکی سطح پر مذاکرات ہوںگے۔ مذاکرات میں ویزہ کے مسائل سمیت دیگر دوطرفہ معاملات پر گفتگو ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورکویت کے مابین دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے یہ دورہ معاون ثابت ہوگا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسلام آباد ایئرپورٹ پر وی آئی پی کی بجائے عام مسافروں کے راستے سے امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے۔ علاوہ ازیں وزیرخارجہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اوران سے خطاب بھی کریں گے اورموثرکاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔