بھارتی انڈسٹری کے ’ڈان‘ کہلائے جانے والے اداکار شاہ رُخ خان ناک کی سرجری کی خبروں کے بعد ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھے گئے ہیں، اس دوران اُن کے ناک پر آپریشن کی کوئی علامت نہیں دیکھی گئی۔
بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق اداکار شاہ رُخ خان کے قریبی ذرائع نے اُن کی ناک کے آپریشن سے متعلق زیرِ گردش خبروں کی تردید کی ہے۔
سوشل میڈیا پر ممبئی ایئرپورٹ کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں شاہ رُخ خان امریکا سے واپس بھارت پہنچے ہیں، اس ویڈیو میں شاہ رُخ خان کے ناک پر سرجری کی کوئی علامت موجود نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار امریکا میں ایک پروجیکٹ کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا ’ای ٹائمز‘ کا اپنی رپورٹس میں کہنا تھا کہ ایس آر کے لاس اینجلس میں ایک پروجیکٹ کے لیے شوٹنگ میں مصروف تھے اور اس دوران اُن کی ناک میں درد اٹھا اور خون بہنے لگ گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ناک سے خون بہنے کے نتیجے میں شاہ رُخ خان کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کے ناک کا ہنگامی آپشریشن کرنا پڑا تھا۔