بالی ووڈ کے بے تاج با دشاہ اور سپراسٹار شاہ رخ خان نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو اداکارانہ صلاحیتوں سے بھرپور شخصیت قرار دےدیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں میزبان بالی ووڈ کنگ سے سوال کررہے ہیں کہ کیا آپ سمجھتے ہیں ماہرہ بھی آپ کی دوسری ہیروئنوں کی طرح بالی ووڈ اور بھارت میں ہا ئی لیول اداکارہ بن سکیں گی۔
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے جواب دیتے ہو ئے ماہرہ خان کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بھی میری دوسری ہیروئنوں کی طرح بہت آگے جائیں گی، بھارت میں اُن کے ڈرامے بہت زیادہ دیکھے جاتے ہیں بلکہ ہماری فلم (رئیس) میں بھی انہوں نے بہت اچھا کام کیا تھا۔
اداکار نے ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماہرہ کو اس فلم میں اس لیے کاسٹ کیا تھا کیونکہ ہم اُن کا کام، اُن کا بات کرنے کا اسٹائل دیکھ چکے تھے، ہمیں وہ بہت پسند آئیں۔
https://www.instagram.com/p/CBeAEmTHVj2/?utm_source=ig_embed
شاہ رخ خان نے اُن کے لیے دعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں ماہرہ کے (شوبز میں) خوبصورت سفر کی خواہش کرتا ہوں، مجھے اُن کے ساتھ کام کر کے بہت خوشی ہوئی اور مجھےایسا لگتا ہے کہ جولوگ اچھا کام کرتے ہیں وہ بہت آگے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان اور شاہ رخ خان نےسال 2017 میں ایک ساتھ بالی ووڈ فلم ’رئیس‘ میں کام کیا تھا۔
اس فلم میں ماہرہ خان نے کنگ خان کی بیوی کا کردار ادا کیا تھا۔