بالی ووڈ کے بےتاج بادشاہ شاہ رخ خان کا کالج کے زمانے میں لکھا گیا خط سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس خط کے حوالے سے صارفین تبصرہ کر رہے ہیں کہ کامیابی شاہ رخ خان کا مقدر تھی۔
بحث و مباحثے کا معروف امریکی فورم ریڈیٹ پر ان دنوں چند تصاویر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
![شاہ رخ خان کا کالج کے زمانے میں لکھا گیا خط سوشل میڈیا پر وائرل](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-08-12/1257080_2494962_SRK_updates.jpg)
ان تصاویر کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ خط بالی ووڈ کنگ خان نے کالج کے زمانے میں لکھا تھا۔
خط کی وائرل تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنی خوبصورت ہینڈ رائٹنگ میں سوانح عمری پر مضمون تحریر کیا ہے۔
مضمون میں کنگ خان نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں کچھ خاص باتیں لکھیں۔
شاہ رخ خان کے لکھے گئے خط کے ایک اقتباس کے مطابق ’جہاں تک مجھے یاد ہے ، میرا بچپن بہت خوبصورت اور خوش گوار تھا، میں اپنی بڑی بہن کے بعد والدین کی دوسری اولاد تھا جو بڑی بہن کی پیدائش کے 5 برس بعد پیدا ہوا تھا‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’5 برس کی عمر میں میری عام بچوں جیسی حرکتیں تھیں، ‘ماناوستھلی اسکول’ کی لڑکیوں کو آنکھ مارنا، (مجھے امید ہے کہ آپ نے پہلے کبھی اس اسکول کا نام نہیں سنا ہوگا) ، اپنی عمر سے 6 سے 7 گنا بڑی عمر کی آنٹیوں کو فلائنگ کسز دینا اور ‘چکے پہ چکا’ گانے کی دُھن پر ڈانس کرنا‘۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خط کی تصاویر پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ کنگ خان کی ہینڈ رائیٹنگ بہت خوبصورت ہے، تو کسی نے اداکار کی ہینڈ رائیٹنگ کی تعریف کچھ اس طرح کی کہ ایسا لگ رہا ہے کہ یہ خط برسوں محفوظ ہونے کے لئے لکھا گیا ہے۔
ایک صارف نے لکھاکہ خط کو پڑھ کر لگ رہا ہے کہ کامیابی شاہ رخ خان کا مقدر تھی اور وہ یہ پہلے ہی جانتے تھے۔