بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی فلموں کی تشہیری مہم پر تنقید کرنے والے مداح کو دلچسپ جواب دے کر خاموش کروا دیا۔
شاہ رخ خان پچھلے کچھ عرصے سے اکثر ہی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے دلچسپ جوابات دیتے نظر آتے ہیں۔
اُنہوں نےحال ہی میں اپنی تیسری فلم’ڈنکی‘ کی ریلیز کے بعد جب اپنے مداحوں سے بات چیت کرنے کے لیے ایک سیشن رکھا تو ایک مداح نے ان کی فلم’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ تشہیری مہم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ سر، ہم نے ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ کی بدترین تشہیری مہم دیکھی ہے۔
مداح نے مزید لکھا کہ براہ کرم، اپنے پروڈکشن ہاؤس میں کچھ ہنر مند ملازمین کی خدمات حاصل کریں۔
شاہ رخ خان نے اپنے مداح کی اس بات کا دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’اپنی فلموں کی تشہیر میں خود ہی کرتا ہوں تو اب اپنے آپ کو خود ہی نوکری سے کیسے نکال دوں!!‘
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی رواں سال کی تیسری فلم’ڈنکی‘ بھی 100 کروڑ کلب کا حصّہ بن گئی ہے۔
اس فلم نے اب تک دنیا بھر سے باکس آفس پر تقریباََ 300 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔
راجکمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ تاپسی پنوں، وکی کوشل، بومن ایرانی اور دیگر نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔