بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان صرف ایک زبردست اداکار ہی نہیں بلکہ ایک اچھے استاد بھی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی کے ایک اسپیشل ایونٹ کے دوران انٹرویو دیتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ میں بیٹی کی پیدائش کے چند ماہ بعد شوٹنگ کے لیے واپس آئی تو میں پہلی بار ایک ایسا گانا شوٹ کروانے جا رہی تھی جوکہ مکمل لپ سنک گانا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں اندر سے کافی گھبرائی ہوئی تھی اور اس گانے کی شوٹنگ کے بارے میں کرن جوہر سے بات کر رہی تھی تو اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ اپنی پریشانی دور کرنے کے لیے شاہ رخ خان کو فون کیوں نہیں کرتیں؟ شاید وہ آپ کو کچھ ٹپس دے دیں۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ کرن جوہر کی تجویز پر میں نے فوراََ شاہ رخ خان کو فون کیا تو اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ’تو گھر آجا، سہانا کو بھی لپ سنکنگ سیکھنی ہے تو دونوں ساتھ میں ٹیوشن لے لینا، تو اپنا گانا لے کر آجا‘۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں شاہ رخ خان کے بلانے پر ان کے گھر گئی اور وہاں ہم نے مل کر تقریباََ 2 سے 3 گھنٹے مسلسل پریکٹس کی یہاں تک کہ شاہ رخ خان کو فلم کا گانا’تم کیا ملے‘ اچھی طرح یاد ہوگیا۔