بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے ذاتی آفس قرنطیہ سینٹر کے لیے وقف کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شاہ رخ خان اور گوری خان کے انسانیت کے لیے اس بہترین اقدام کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ “شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے 4 منزلہ عمارت کو بچوں، خواتین، اور عمر رسیدہ افراد کے لیے قرنطینہ سینٹر کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت دینے پر ان کے مشکور ہیں”۔
بعد ازاں ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ایس آر کے آفس فار قورنٹائن ٹرینڈ کرنے لگا اور صارفین کی جانب سے شاہ رخ خان اور اہلیہ گوری خان کے اس عمل کو خوب سراہا گیا۔
اس سے قبل بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے بھارت میں جاری 21 روزہ لاک ڈاؤن کے دوران فلم انڈسٹری میں دیہاڑی پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کی مدد کا اعلان کیا تھا۔
بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال
بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 900 سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 99 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے 59 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔