چین سے مختلف ممالک میں پھیلنے والی وبا نے شاہی محل کا رخ کرلیا جہاں ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملکہ برطانیہ نے شاہی محل چھوڑ دیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چند روز قبل شاہی محل میں خدمات سرانجام دینے والےایک ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ملکہ برطانیہ شاہی محل بکنگھم پیلس چھوڑ کر ونڈسر کیسل چلی گئی ہیں۔
شاہی محل کے ترجمان کے مطابق محل میں تقریباً 500 کے قریب ملازم موجود ہیں جب کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ملازم نے گزشتہ ہفتوں میں جس سے بھی ملاقات کی تھی سب نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
چند روز قبل بکنگھم پیلس کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ملکہ برطانیہ ملکہ الزبیتھ دوم نے بکنگھم پیلس چھوڑ دیا ہے اور وہ ونڈسر کیسل منتقل ہو گئی ہیں۔
ترجمان بکنگھم پیلس کا مزید کہنا تھا کہ ملکہ برطانیہ اور اور پرنس فلپ کی صحت اچھی ہے مگر کورونا کے پیش نظر ملکہ برطانیہ کو قرنطینہ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد ہے۔