شان شاہد کی فلم ’ضرار‘ کا ٹریلر جاری


پاکستان کے نامور اداکار شان شاہد کی فلم ’ضرار‘ کا پہلا ٹریلر سامنے آگیا جس میں اداکار بھرپور ایکشن میں نظر آئے۔

اداکار نے مداحوں کے لیے فلم کا ٹریلر یوم پاکستان کے موقع پر تحفے کے طور پر جاری کیا۔

ٹریلر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ کورونا کے باعث گھروں میں رہیں اور اس ٹریلر سے محظوظ ہوں۔

3 منٹ 34 سیکنڈ دورانیے کے اس ٹریلر میں شان شاہد کو ضرار نامی کردار میں پیش کیا گیا، جو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سے جڑے ہوئے ہیں۔

ایک ایسی دنیا جہاں جنگ کبھی ختم نہیں ہوتی وہاں ان کا کردار امن کی تلاش میں نظر آیا۔

ٹریلر میں اداکارہ کرن ملک کو بھی پیش کیا گیا، جو شان شاہد کے ہمراہ رومانوی کردار میں نظر آئیں۔

فلم میں نیئر اعجاز بھی موجود ہیں جو منفی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی خود شان شاہد نے تحریر کی، جبکہ ندیم بیگ بھی فلم میں اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں اس فلم کا ٹیزر بھی سامنے آیا تھا جسے شائقین کا مثبت ردعمل موصول ہوا۔

فلم کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں