شام میں اتحادی افواج کی کارروائی میں بچوں سمیت 20 شہری ہلاک


حلب: 

شام کی مرکزی شاہراہ کے تسلط کے لیے اتحادی افواج اور داعش جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ میں 20 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کی حلب کو دمشق اور اردن کی سرحد سے ملانے والی مرکزی شاہراہ ایم-5 سے عسکریت پسندوں کا قبضہ واگزار کرانے کے لیے اتحادی افواج  نے فضائی کارروائی کی جس کے دوران انہیں داعش جنگجوؤں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔

فضائی بمباری کی زد میں آکر بچوں سمیت 20 شہری لقمہ اجل بن گئے جب کہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔ کامیاب فضائی کارروائی کے بعد بشارالاسد حکومت نے مرکزی شاہراہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اس طرح جنگ کے آخری میدان ’حلب‘ کا ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ بحال ہوگیا ہے۔

رہے کہ شام میں داعش کے آخری ٹھکانے ادلب میں دسمبر سے جاری  فضائی کارروائی میں 300 شہری ہلاک ہوئے اور 5 لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے جب کہ 6 سال سے جاری جنگ کے باعث بھوک اور افلاس نے ملک میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں، انفرا اسٹریکچر تباہ اور لاکھوں افراد پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں